تعلیم حاصل کرنے کے دوران چاق و چوبند رہیں

تعلیم حاصل کرنے کے دوران چاق و چوبند رہیں

تعلیم حاصل کرنے کے دوران چاق و چوبند رہیں

صحت مند اور تندرست و توانا رہنا ہر عمر کے افراد کے لیے ضروری ہے، اس کے ساتھ ساتھ اگر آپ ایک طالبِ علم ہیں تو آپ کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر چاق و چوبند ہونا انتہائی ضروری ہو جاتا ہے کیونکہ اگر آپ کا جسم اور ذہن صحت مند نہیں ہوگا تو آپ کے لیے اپنی تعلیم کو مکمل کرنا دشوار ہوجائے گا۔ ماڈرن ایجوکیشن کے حصول کے لیے مطلوبہ ضروریات میں آپ کی ذہنی و جسمانی صحت سرِ فہرست ہے۔   دوسری جانب بہت سے اسٹوڈنٹس اس بات کا گلہ کرتے نظر آتے ہیں کہ پڑھائی کا بوجھ، نہ ختم ہونے والی اسائنمنٹس اور ایک کے بعد ایک پراجیکٹس انہیں بری طرح تھکا دیتے ہیں۔ یہ تمام چیزیں کرنے کے بعد ان کے پاس اتنی ہمت اور اتنا وقت ہی نہیں بچتا کہ وہ خود کو صحت مند رکھنے کے لیے کسی قسم کی جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔
ذیل میں ہم آپ کے لیے کچھ ایسی کارآمد تراکیب دے رہے ہیں جن پر عمل کر کے آپ تعلیم حاصل کرنے کے دوران خود کو صحت مند اور چاق و چوبند رکھ سکتے ہیں۔   

اچھا کھانا کھائیں:
ایک تحقیق کے مطابق تعلیم حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس کو اچھے اور صحت بخش کھانے کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔ جو اسٹوڈنٹس اچھا اور صحت بخش کھانا نہیں کھاتے یا اچھی طرح پیٹ بھر کر نہیں کھاتے وہ سست اور کاہل ہوجاتے ہیں اور ہر وقت تھکے تھکے سے اور بے زار نظر آتے ہیں۔ اپنے دن کا آغاز ہمیشہ بھرپور ناشتے سے کرنا چاہیے اور کسی بھی صورت میں بغیر ناشتے کے گھر سے نہیں نکلنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے جسم کو شاداب رکھنے کے لیے زیادہ مقدار میں پانی پینا چاہیے تاکہ دن بھر آپ کا جسم سیراب رہے اور پانی کی کمی کے باعث آپ کو سر درد، چکر یا متلی کی کیفیت محسوس نہ ہو۔ ماہرینِ صحت مشورہ دیتے ہیں کہ ہر شخص کو ایک دن میں کم از کم 8 سے 10 گلاس پانی پینا چاہیے۔

صبح کے وقت ورزش کریں:
کیا آپ کے پاس ورزش کرنے کا وقت نہیں ہے۔؟
سارا دن کالج میں پڑھنے اور اسائنمنٹس مکمل کرنے کے دبائو میں رہتے ہوئے شام تک آپ ذہنی اور جسمانی طور پر بری طرح تھ چکے ہوتے ہیں اور اس کے بعد آپ کا کسی بھی طرح کی جسمانی مشقت کرنے کو دل نہیں چاہتا اس لیے آپ کو ایک کار آمد مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ صبح کے وقت ورزش کریں۔ صبح جلدی اٹھ کر ہلکی پھلکی ورزش کرنے سے آپ کا دماغ بھی چست ہوتا ہے اور جسم بھی چاق و چوبند رہتا ہے، صبح کے وقت جب موسم خوشگوار ہوتا ہے اور سورج کی شاعوں میں حدت نہیں ہوتی ایسے عالم میں ہلکی پھلکی ایکسرسائز کرنے سے آپ دن بھر خود کو توانا محسوس کرتے ہیں جس سے آپ کی پڑھنے اور چیزوں کو سمجھنے کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

اپنے کام خود کریں:
اپنے آپ کو چست اور تندرست رکھنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اپنے کام خود کریں۔ چاہے وہ گھر کے روز مرہ معمولات کے مطابق کام ہوں یا آپ کے ذاتی نوعیت کے کام ہوں۔ جیسے کمرے کی صفائی کرنا بظاہر ایک اکتاہٹ بھرا کام لگتا ہے یا لان کی گھاس کاٹنا، پودوں کی تراش خراش کرنا، اپنے کپڑے دھونا اور استری کرنا، اپنی گاڑی کو دھونا۔۔ یہ تمام کام کرنے کے لیے آپ کو ایک مخصوص توانائی اور قوت کی ضرورت ہے۔ جب آپ ان کاموں کو عملی طور پر انجام دینا شروع کرتے ہیں تو اس سے نہ صرف آپ میں نظم و ضبط اور انکسار پیدا ہوتا ہے بلکہ یہ مشق آپ کو توانا اور متحرک رہنے میں بھی مدد فراہم کرتی ہے۔   

شام کو چہل قدمی کے لیے جائیں:
شام کی چہل قدمی آپ کو تازہ دم اور صحت مند رکھتی ہے۔
اگر آپ کا ذہن روز مرہ معمولات، یونیورسٹی کی اسائنمنٹس اور دیگر کاموں میں الجھا ہوا نہیں ہے تو آپ کے لیے شام کے وقت چہل قدمی کرنا بہترین عمل ہے۔ شام کے وقت چونکہ سورج کے ڈھلنے کا وقت ہوتا ہے تو اس وقت دھوپ کی شدت میں کمی آجاتی ہے اور موسم عموماً خوشگوار ہوتا ہے اس خوبصورت اور سہانے موسم میں چہل قدمی کرنا کسی بھی فرد کے لیے طمانیت اور لطف انگیزی کا باعث ہوسکتا ہے۔ اگر آپ شام کے وقت چہل قدمی نہیں کرنا چاہتے تو آپ کے لیے سائیکل چلانا بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ دن بھر کی مصروفیات اور کالج کی پڑھائی کے بعد آپ شام کے وقت اگر سائیکل چلاتے ہیں تو اس سے نہ صرف آپ کی کیلوریز جلتی ہیں بلکہ اس سے آپ کو پُرسکون نیند بھی ملتی ہے۔ ایک اچھی نیند لینے کے بعد جب آپ صبح اٹھتے ہیں تو خود کو بے حد توانا اور چُست محسوس کرتے ہیں۔  

تیراکی:
جب آپ کئی گھنٹوں تک مسلسل پڑھنے سے تھک چکے ہوں تو ایسے میں تھکن اتار کر تازہ دم ہونے کا بہترین طریقہ سوئمنگ ہے جو آپ کو ایک مکمل ورزش فراہم کرتا ہے۔ یہ عمل آپ کے جسم اور ذہن کو تازہ دم کر دیتا ہے اور آپ کو نئی چیزیں تیزی سے سیکھنے میں مدد دیتا ہے۔    

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو