الہ آباد یونیورسٹی میں طلبہ اور پولیس کے درمیان تصادم اور پتھراؤ، موٹر سائیکل کو آگ لگا دی گئی
الہ آباد یونیورسٹی میں طلبہ اور پولیس کے درمیان تصادم اور پتھراؤ، موٹر سائیکل کو آگ لگا دی گئی
اترپردیش کی الہ آباد یونیورسٹی کے کیمپس میں گذشتہ شام ایک طالب علم کے داخلے کو لے کر تنازع پیدا ہونے کے بعد طلباء اور سیکورٹی اہلکار آپس میں ٹکرا گئے۔ اس کے بعد طلباء نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔ موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی گئی۔ دونوں فریقوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ حالات اب قابو میں ہیں اور پولیس طلباء سے بات چیت کر رہی ہے۔ پولیس کمشنر رامیت شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ طلبہ کو اسٹوڈنٹ یونین کے دفتر کے قریب بیٹھنے کے لیے کہا گیا ہے اور ان کی تمام شکایات سنی جائیں گی۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک طالب علم، جو گذشتہ کچھ مہینوں سے یونیورسٹی کی فیس میں اضافے کے خلاف احتجاج کا حصہ رہا ہے، گذشتہ شام یونیورسٹی کے کیمپس میں واقع ایک بینک میں جانا چاہتا تھا لیکن گارڈ نے اسے اندر نہیں جانے دیا۔ اس بات کو لے کر سیکورٹی گارڈ اور طالب علم کے درمیان جھگڑا ہوا اور اس میں دیگر طلبہ بھی شامل ہوگئے۔ لڑائی کے ساتھ شدید پتھراؤ بھی ہوا۔
طلبہ لیڈر اجے یادو سمراٹ مظاہرین کی قیادت کر رہے ہیں۔ پچھلے مہینے بھی طلباء نے فیسوں میں اضافے کے خلاف الہ آباد یونیورسٹی کی وائس چانسلر سنگیتا سریواستو کا گھیراؤ کیا تھا جب وہ دفتر سے نکلنے کے بعد اپنی کار کی طرف جا رہی تھیں۔