میران شاہ میں لڑکیوں کا ہائی اسکول 8 سال بعد کھول دیا گیا
میران شاہ میں لڑکیوں کا ہائی اسکول 8 سال بعد کھول دیا گیا
محکمہ تعلیم نے میران شاہ سرائے میں واقع تاریخی گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول دوبارہ کھول دیا ہے۔
تقریباً آٹھ سال بعد کھلنے والے اس اسکول کے پہلے دن 200 کے قریب طالبات نے کلاسوں میں شرکت کی۔
ایکسپریس ٹریبیون سے بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر (اے ای او) فدا خان وزیر نے کہا کہ جب انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تو انہیں معلوم ہوا کہ علاقے کا یہ اہم اسکول بند ہے کیونکہ اسکول آٹھ سال قبل ایک دھماکے میں تباہ ہوچکا تھا اور تب سے یہ بند تھا۔
مزید پڑھیئے: وزیراعظم نے یکساں قومی نصاب کا افتتاح کردیا
جس کے باعث طلباء کو کالونی ہائی اسکول بھیجا جارہا تھا جو کہ میران شاہ شہر سے کچھ فاصلے پر واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی عمارت کو دوبارہ تعمیر کیا گیا لیکن کوئی بھی اسے دوبارہ کھولنے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیر کے روز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جدون خان نے 200 طالبات کا ایک گروپ لیا اور انہیں نئے سکول میں داخل کرایا۔ اسکول کے پہلے روز بچوں میں مٹھائیاں اور چاکلیٹس تقسیم کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اسکول جدید سہولیات سے آراستہ ہے جس میں ایک کمپیوٹر لیب بھی ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہاں طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب والدین نے محکمہ تعلیم کے اس اقدام کی تعریف کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے قبائلی اضلاع میں لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے میں بہت سہولت ملے گی۔
(یہ خبر ایکسپریس ٹریبیون کی 19 اگست 2021 کی اشاعت سے اخذ کی گئی ہے)