کے پی حکومت کا اگلے ماہ سے صوبے میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
کے پی حکومت کا اگلے ماہ سے صوبے میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
خیبرپختونخوا کی حکومت نے 16 فروری 2022 سے صوبے میں ایسے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں اور سہولیات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں طلباء میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کا تناسب 99 فیصد سے کم ہے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم شہرام خان ترکئی نے ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی سلسلہ بلا روک ٹوک جاری رہے گا تاہم تمام اسکولوں اور اداروں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو جلد از جلد کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔
اس تناظر میں صوبائی محکمہ تعلیم محکمہ صحت کے ساتھ مل کر صوبے بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں اور کالجوں میں طلباء کے لیے کورونا ویکسی نیشن مہم چلائے گا۔
شہرام ترکئی کا کہنا ہے کہ خصوصی ویکسی نیشن مہم یکم فروری 2022 سے شروع ہو کر 15 فروری 2022 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران اپنے 99 فیصد طلباء کو حفاظتی ویکسین لگوانے میں ناکام رہنے والے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 16 فروری 2022 سے بند کر دیے جائیں گے۔
کے پی کے وزیرِ تعلیم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کا فیصلہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کی ہدایات کے عین مطابق ہے۔