سندھ میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، سعید غنی

سندھ میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، سعید غنی

سندھ میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، سعید غنی

سندھ کے وزئرتعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کیسز کی صورتحال کنٹرول میں ہے اس لیے اسکولز بند نہیں کیے جارہے البتہ جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانا پڑتا ہے یا جن اسکولز میں کیسز رپورٹ ہوتے ہیں انہیں کچھ عرصے کے لیے بند کیا جاتا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبہ سندھ میں جس طرح اسکولز ابھی چل رہے ہیں وہ اسی طرح چلتے رہیں گے تاہم جن اسکولز میں کیسز سامنے آتے ہیں صرف انہیں بند کردیا جاتا ہے۔ گزشتہ 2 سے 3 ماہ کے دوران 154 اسکولوں کو مختلف اوقات میں کچھ عرصے کے لیے بند کیا گیا تھا اور آج بھی 12 اسکولز بند ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ اگر کسی علاقے میں وائرس کے کیسز بڑھ جاتے ہیں اور اس علاقے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانا پڑتا ہے وہ یقینی طور پر ان علاقوں کے اسکولز بھی بند ہوجائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ایسا طریقہ کار اختیار کیا جارہا ہے کہ جہاں ضرورت ہے یا کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے صرف ان علاقوں کے اسکولوں کو بند کیا جارہا ہے تاہم جہاں ضرورت نہیں ہے وہاں اسکول اسی طرح چل رہے ہیں۔

سعید غنی نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی اس بات کی تائید کی کہ این سی او سی کے اجلاس میں ملک کے تمام بڑے شہروں کا جائزہ لیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ سندھ اور بلوچستان میں صورتحال خطرناک نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں صوبوں میں وائرس کا پھیلاؤ قابو میں ہے لیکن پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی صرف کچھ اضلاع میں کیسز میں اضافے کے باعث اسکولوں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے ورنہ اسکولز وہاں بھی کھلے ہوئے ہیں۔

وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں رہیں گے۔  ایس او پیز کے تحت صرف 50 فیصد بچوں کو ہی بلایا جاسکے گا۔  تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی تعلیمی ادارے میں خدانخواستہ کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے آتا ہے تو اس اسکول یا کالج کو بند کیا جائے گا۔ اگر کوئی تعلیمی ادارہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرے گا تو نہ صرف اس کو بند کیا جائے گا بلکہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں محکمہ تعلیم کی اسٹئیرنگ کمیٹی کے فیصلے اور شیڈول کے مطابق تمام امتحانات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔  

اس سے قبل وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے 11 اپریل تک کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ این سی او سی کے اہم اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں تمام اسکول 11 اپریل تک بند رہیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں وزرائے تعلیم و صحت کے ایک اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے خدشات کے تناظر میں اسکولوں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں وزرائے صحت اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر شفقت محمود نے کہا کہ پنجاب کے کچھ اضلاع خصوصاً لاہور میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جب کہ خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں صورتحال یکساں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں صورتحال نسبتاً بہتر ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو