غیر مجاز 2 سالہ بیچلرز، ماسٹرز پروگراموں میں داخلے سے گریز کریں، ایچ ای سی کا طلباء کو انتباہ
غیر مجاز 2 سالہ بیچلرز، ماسٹرز پروگراموں میں داخلے سے گریز کریں، ایچ ای سی کا طلباء کو انتباہ
ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے اتوار کے روز دو سالہ بی اے، بی ایس سی اور ایم اے، ایم ایس سی پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور انہیں غیر مجاز اسکیموں کے ذریعے دھوکہ دہی سے باز رہنے کے لیے خبردار کیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں ایچ ای سی نے طلباء کو غیر مجاز ڈگری پروگراموں جیسے دو سالہ بی اے، بی ایس سی یا ایم اے، ایم ایس سی پروگراموں میں داخلہ لے کر اپنا وقت اور پیسہ ضائع نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: دو ماہ کی بندش کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے
کمیشن نے مزید بتایا ہے کہ معیار کے بارے میں خدشات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پروگراموں کو مرحلہ وار بنایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایک یا دو یونیورسٹیوں نے غیر مجاز بی اے، بی ایس سی اور ایم اے، ایم ایس سی پروگراموں میں داخلے کا اعلان کیا ہے۔ اگرچہ اس سے یونیورسٹی کو پیسہ ملے گا لیکن یہ طلباء کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ یہ ضائع شدہ ڈگریاں طلبا کو ملازمت یا مزید تعلیم کے لیے درخواست دینے کے قابل نہیں بنائیں گی۔
اس کے ساتھ ساتھ ایچ ای سی نے کہا ہے کہ 2004 میں بی اے، بی ایس سی اور ایم اے، ایم ایس سی پروگراموں کو مرتب کرنے اور انہیں ایک جامع چار سالہ بی ایس ڈگری کے ساتھ متبادل بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں کو مطلع کیا گیا تھا اور انھیں عبوری دور میں اسی دوران دو سالہ پروگرام چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ سال2011 میں ایچ ای سی نے بی اے، بی ایس سی کی ڈگری کے متبادل کے طور پر ایسوسی ایٹ ڈگری کا اعلان کیا تھا جو 14 سال کی تعلیم کے برابر ہے۔ اے ڈی یعنی ایسوسی ایٹ ڈگری گریجویٹس کو یونیورسٹی کے داخلے کی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد بی ایس کے مخصوص پروگراموں کے 5 ویں سیمسٹر میں داخلہ حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے۔
مزید پڑھیں: اساتذہ کے مطالبات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹیاں قائم
اس سے پہلے 2016 میں ان ڈگریوں یعنی بی اے، بی ایس سی پروگرامز کو مزید جاری نہ رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ 31 دسمبر 2018 کو کئے گئے اعلان کے مطابق اس ڈگری پروگرام کو ختم کردیا گیا تھا اور 31 دسمبر 2020 کو ایم اے اور ایم ایس سی پروگراموں کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آخری بی اے، بی ایس سی کا امتحان 2020 میں ہوگا اور ایم اے، ایم ایس سی طلباء کے آخری بیچ میں داخلہ 31 دسمبر 2020 سے پہلے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان فیصلوں کی تصدیق 2017 میں اور پھر 2018 ، 2019 اور 2020 میں ہوئی۔ تاہم ایچ ای سی نے کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے کچھ نرمی کی تھی۔