تعلیم سے متعلق 10 روزہ ای کانفرنس کا آغاز
تعلیم سے متعلق 10 روزہ ای کانفرنس کا آغاز
یونیورسٹی آف ایجوکیشن (یو ای) میں 19 اگست کو سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس آن ایجوکیشن (آئی سی ای) کا آغاز وائس چانسلر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ایس آئی) کے افتتاحی کلمات سے ہوا جس میں کورونا وائرس کے باعث تعلیمی شعبے کو درپیش مختلف رکاوٹوں اور چیلنجز کے حوالے سے مختلف امور پر بات کی گئی۔
ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے اس موقع پر کہا کہ ای کانفرنسز آج کے اس دور میں طلباء میں باضابطہ طور پر علم کے فروغ کو جاری رکھنے کے لیے محفوظ ترین راستہ پیش کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں چھٹی اور اس سےاوپر کی کلاسز کےلیےاسکول دوبارہ کھولنے کااعلان
انہوں نے ای کانفرنس کے انعقاد اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یو ای کی انٹرنیشنل ای کانفرنس کا مقصد تعلیم کے حوالے سے درپیش مسائل، رجحانات اور امکانات کے بارے میں قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ محققین اور اسکالرز کی مہارت اور تجربات سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن، ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ موجودہ دور میں جب دنیا بنیادی معاشی، سیاسی اور تعلیمی تبدیلیوں کا سامنا کر رہی ہے اساتذہ کرام کو اپنے منصوبوں اور پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے اور اس بدلتے ہوئے ماحول کو اپنانے کے بڑے پیمانے پر اسٹرکچر بنانے اور ان اہم امور پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: کے پی کے نے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لئے ایس او پیز جاری کردیے
انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار مستقبل کے ایک واضح وژن کے ساتھ عالمی سطح پر متعارف ہونے والے نئے رجحانات کو بھی اپنانا چاہیے۔
توقع ہے کہ 10 دن تک جاری رہنے والی اس تعلیمی کانفرنس کے دوران ایکسیٹر یوکے یونیورسٹی کے پروفیسر جسٹن ڈیلن اور امریکا کے پروفیسر جیمز اومیئرا سمیت دیگر ممتاز مقررین شرکاء سے خطاب کریں گے۔