پاکستان کے بڑے شہروں میں اعلیٰ تعلیم کا حصول
پاکستان کے بڑے شہروں میں اعلیٰ تعلیم کا حصول
جب آپ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے باہر نکلنے کا پلان بناتے ہیں تو آپ کو پیداواری، ذاتی آرام اور مالی بوجھ کے معاملے میں بہت بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کسی چھوٹے شہر یا قصبے سے باہر نکل کر کسی بڑے شہر میں جانا اتنا آسان فیصلہ نہیں ہے لیکن اگر آپ تھوڑی سی تکلیف اٹھانے کو تیار ہیں تو آپ کو بہتر مواقع بھی ملیں گے اور زندگی میں بہت جلد راحت اور سکون کی صورت بھی پیدا ہوجائے گی۔ کہتے ہیں کہ مشکل کے بعد ہی آسانی ہے۔ ذرا سی تکلیف اٹھالینے کے بعد جب آپ اپنی اسٹڈیز مکمل کرلیں گے تو آپ کی زندگی میں خوشی اور خوشحالی کا دور شروع ہوجائے گا۔ اگر آپ ہائیر اسٹڈیز کے لیے کسی بڑے شہر میں منتقل ہوناچاہتے ہیں تو آپ کے لیے یہ جان لینا ضروری ہے کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں ایک اسٹوڈنٹ کے لیے رہائش اور تعلیم پر اوسطاً کتنا خرچ آتا ہے۔
اگر آپ کراچی میں ایک ماہ تک رہائش کے لیے کوئی کمرہ حاصل کرتے ہیں تو اس کےلیے آپ کو اندازاً 23 ہزار روپے خرچ کرنا پڑیں گے۔ اسلام آباد میں یہ تخمینہ 25 ہزارروپے ماہانہ تک جا پہنچتا ہے کیونکہ پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں قدرے مہنگا ہے۔ اسی طرح اگر آپ لاہور میں رہنے کے لیے ایک کمرے کا اپارٹمنٹ کرائے پر لیتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو اندازاً 16 ہزار روپے تک ماہانہ کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔
اگر ہم پاکستان کے مختلف شہروں میں رہنے کے حوالے سے اخراجات کی بات کریں تو یہ ہر شہر میں قدرے مختلف ہیں۔ اگر آپ کراچی میں رہائش اختیار کرنے کا سوچ رہے ہیں تو کراچی میں آپ کے ماہانہ رہائشی اخراجات 30 ہزار روپے تک پہنچ سکتے ہیں اس میں آپ کا روز مرہ کا کھانا پینا اور سفری اخراجات بھی شامل ہیں۔ اسی طرح ہم بات کریں اسلام آباد کی تو ہم نے پہلے بھی آپ کو بتایا کہ اسلام آباد پاکستان کے دیگر شہروں کی نسبت ایک مہنگا شہر ہے۔ یہاں رہنے، کھانے پینے اور روزانہ سفر کے لیے آپ کو ہر ماہ کم از کم 41 ہزار روپے خرچ کرنا پڑیں گے۔ لاہور میں کھانا پینا قدرے سستا ہے مگر یہاں کے رہائشی اخراجات بھی 30 ہزار روپے ماہانہ تک ہوسکتے ہیں۔
سفری اخراجات ہر شہر میں مختلف ہوسکتے ہیں کیونکہ یہاں سفر کے لیے مختلف اقسام کی گاڑیاں چلتی ہیں ان میں بسیں، رکشے، ویگنز، کوچز، چنگچی اور پرائیویٹ ٹیکسی سروس شامل ہے۔ آپ اپنے موبائل فون پر اوبر یا کریم کی ایپ ڈائون لوڈ کرکے اس پرائیویٹ ٹیکسی سروس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ان کے سروس چارجز کا انحصار آپ کے روٹ کے اختصار یا طوالت پر ہوتا ہے پِیک آورز میں ان کے چارجز قدرے زیادہ ہو جاتے ہیں۔ اگر آپ پبلک ٹرانسپورٹ یعنی بس یا منی بس وغیرہ میں سفر کرتے ہیں تو ایک اسٹاپ سے دوسرے تک کا کم از کم کرایہ 10 روپے ہے، اسی طرح اگر آپ رکشہ میں سفر کرتے ہیں تو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کا کم سے کم کرایہ 50 روپے تک ہوسکتا ہے۔
کھانے پینے کے اخراجات بھی ہر شہر میں ایک دوسرے سے کسی حد تک مختلف ہیں۔ اگر آپ کسی سستے مقامی ہوٹل یا ڈھابے وغیرہ پر کھانا کھاتے ہیں تو آپ کو روز کے کم از کم 3 سو روپے خرچ کرنا پڑیں گے۔ یہی کھانا اگر آپ کسی مشہور ریسٹورانٹ پر کھائیں گے تو آپ کے کم از کم ایک ہزار روپے خرچ ہوجائیں گے۔ یہاں مختلف علاقوں میں کھانے پینے کے ریٹ بدل جاتے ہیں کسی علاقے میں ایک چیز اگر آپ کو سستی مل رہی ہے تو کسی دوسرے علاقے میں وہی چیز آپ کو قیمت کے واضح فرق کے ساتھ مہنگی ملے گی۔
اگر آپ پاکستان کے ان بڑے شہروں کی کسی یونیورسٹی میں داخلہ لینا چاہتے ہیں تو ااس سے آپ کے اخراجات کے حساب سے آپ کو اپنے بجٹ کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی ۔ پاکستان کے ان بڑے شہروں میں رہنے، کھانے پینے اور سفر کرنے کے لیے آپ کو ان اعدادوشمار کو دھیان میں رکھنا ہوگا۔