ایک جاذبِ نظر ریزیومے کس طرح تخلیق کریں

ایک جاذبِ نظر ریزیومے کس طرح تخلیق کریں

ایک جاذبِ نظر ریزیومے کس طرح تخلیق کریں

کسی بھی جگہ نوکری کے لیے درخواست دیتے وقت جو سب سے اہم چیز ہم پیش کرتے ہیں وہ ہمارا ریزیومے یعنی سی وی ہوتا ہے جسے مختصراً تعارف نامہ یا تجربے کی فہرست بھی کہا جاسکتا ہے۔

یقیناً ہم سب ایک ایسا ریزیومے چاہتے ہیں جو بہت سے لوگوں کی درخواستوں کے ڈھیر سے بالکل الگ نظر آئے اور فوراً ہی ادارے کے ایچ آر مینیجر کے ہاتھ میں پہنچ جائے۔

   لیکن ہم ایسا ریزیومے کس طرح تیار کرسکتے ہیں جو ہمارے ذوقِ جمال کے بھی عین مطابق ہو اور دیکھنے والے کی پہلی ہی نظر میں توجہ سمیٹ لے۔

ایک متاثر کن ریزیومے کا درست ڈیزائن آپ کی انفرادی صلاحیتوں اور شخصیت کو اجاگر کرتا ہے اور آپ کی درخواست کو دیگر بہت سی درخواستوں کے ڈھیر میں سب سے اوپر لے جا سکتا ہے۔

ایک اچھا اور جاذبِ نظر ریزیومے بنانے کے کچھ طریقے ذیل میں درج ہیں۔

واضح، اچھی طرح سے لکھا گیا، پوزیشن کا عنوان اور ملازمت کی تفصیل:

 ایک اچھے ریزیومے کی پہلی شرط یہ ہے کہ بہت واضح ہو، آپ کے بارے میں دی جانے والی معلومات چاہے وہ تعلیمی ہوں یا دیگر معلومات ہوں ان میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ سب کچھ بہت واضح اور سادہ الفاظ میں لکھا ہو تاکہ پڑھنے والے کے ذہن میں آپ کے بارے میں ایک اُجلی اور واضح تصویر بن سکے۔ اس کے علاوہ اپنی مکمل تفصیلات فراہم کریں جیسے آپ نے کیا پڑھا ہے، آپ کے رجحانات اور دلچسپیاں کیا ہیں اور آپ اس ادارے میں کس مقام پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی مکمل ذاتی معلومات لکھیں تاکہ کمپنی آپ سے آسانی سے رابطہ کرسکے۔

لے آئوٹ اور ڈیزائن:

 آپ کے ریزیومے کا دلچسپ اور قابلِ توجہ ڈیزائن اور لے آؤٹ آپ کے تجربے کی فہرست کو باقی سب سے ممتاز کرسکتے ہیں۔

جب آپ اپنے ریزیومے کی ترتیب یا ڈیزائن کو تبدیل کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ آپ کو اپنے بارے میں دی گئی تمام متعلقہ معلومات کو آسانی سے پڑھنے کی شکل میں شامل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بعض اوقات ڈیزائن اور فونٹ کو خوبصورت بنانے کی تمنا میں کچھ لوگ ایسا فونٹ استعمال کرلیتے ہیں جس سے متن پڑھنے میں مشکل ہوتی ہے۔ اس لیے ڈیزائن چاہے جیسا بھی ہو متن کو آسانی سے پڑھنے کے قابل ہونا چاہیے۔

خود کو فروخت کریں:

جب آپ اپنا ریزیومے لکھ رہے ہوں تو اس میں اپنے آپ کو فروخت کرنے کی کوشش کریں یہاں فروخت کرنے سے مراد یہ ہے کہ آپ کمپنی یا ادارے کے لیے اپنی خدمات اور صلاحیتوں کے کارآمد ہونے کی یقین دہانی کراتے ہیں تاکہ ادارہ آپ کو اس منصب یا عہدے پر فائز کردے جہاں آپ ہونا چاہتے ہیں۔

اپنے ریزیومے میں ہمیشہ اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کو واضح طور پر لکھیں۔ ان صلاحیتوں کی بھی فہرست بنائیں جو آپ اپنی ملازمت میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

بور کرنے والے یا اکتاہٹ کا شکار کرنے والے الفاظ سے بچنے کی حتی الامکان کوشش کریں اور جب آپ اپنے کام کے تجربے اور اپنے تعلیمی تجربے کو بیان کریں گے تو بز ورڈز کو استعمال کرنے کی کوشش کریں۔

تفاصیل سے مالامال:

متعلقہ کہانیوں اور تصورات کی تشکیل آپ کے تجربے کی فہرست (ریزیومے) کو محض حقائق سے کہیں زیادہ ذاتی ذائقہ فراہم کرتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ ان کی ضروریات کو سنوارنے کے لیے تیار کی گئی کہانیوں کے ذریعہ خدمات حاصل کرنے والے مینیجر کی توجہ حاصل کرتی ہے۔ اس لیے اپنے بارے میں تفاصیل بیان کرتے وقت ذرا اچھی نثر سے کام لیں اور اپنے تعلیمی سفر، سماجی یا معاشرتی کامیابیوں، اپنے تجربات اور اپنے مستقبل کے اہداف کے بارے میں سادہ الفاظ میں تفصیل سے لکھیں۔

اپنے ریزیومے کو قابلِ مطالعہ بنائیں:

 ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ کا تعارف نامہ اتنا واضح اور صاف ہونا چاہیے کہ کوئی بھی دیکھنے والا اسے پہلی نظر میں ہی پڑھ لے۔ کسی بھی ریزیومے کا آنکھوں کے لیے آسان ہونا ضروری ہے۔  اپنے خیالات کو واضح اور جامع انداز میں منظم کریں۔ ایسے انداز میں لکھنے سے گریز کریں جو یا تو بکھرے ہوئے ہوں یا طویل سمت سے چلیں۔

 چیک، چیک اور دوبارہ چیک کریں:

ملازمت کے لیے درخواست دینے سے پہلے کم از کم ایک شخص کو اپنا ریزیومے ضرور پڑھوائیں جو اس کا تنقیدی نظر سے جائزہ لے اور کہیں نظر آنے والی معمولی سی غلطی کی بھی نشاندہی کرے اور کم از کم تین بار آپ خود بھی اس عمل سے گزریں، اچھے سے پروف ریڈنگ کریں تاکہ یہ چیک ہوسکے کہ کسی لفظ کے غلط ہجے نہ لکھے گئے ہوں یا کوئی جملے اوپر نیچے ہوگئے ہوں یا اپنے بارے میں کچھ تفاصیل شامل کرنے سے رہ گئی ہوں تو انہیں شامل کرلیں۔

اپنا ریزیومے مختصر رکھیں:

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپکا ریزیومے دو صفحات سے قطعی تجاوز نہ کرے کیونکہ آپ کا ریزیومے جس قدر مختصر مگر مبنی بالتفصیل ہو گا اتنا ہی اپنی طرف متوجہ کرے گا۔ المختصروالجامع کے  فارمولے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کم سے کم الفاظ میں اپنے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کریں اور اپنے تجربے کی فہرست کو قابلِ توجہ بنائیں۔

اوسطاً ہائرنگ مینجر کسی بھی ریزیومے کو دیکھنے میں ایک خاص اور محدود وقت خرچ کرتا ہے۔ لہٰذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا ریزیومے اختصار اور واضح نقطہ نظر پر مبنی ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو