بلوچستان کے نوجوان تعلیم و ترقی کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، آرمی چیف
بلوچستان کے نوجوان تعلیم و ترقی کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی تعلیم اور ترقی کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورت حال اور بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے تربت میں فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور اُن کے بلند حوصلے سمیت آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں آرمی چیف نے تربت یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ جس میں مقامی رہنما قبائلی عمائدین، طلبا، وکلا اور خواتین شامل تھیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، انہیں اپنی تعلیم اور ترقی کے لیے دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ آرمی چیف نے نوجوانوں کو مقامی ایل ای ایز (لا انفورسمنٹ ایجنسیز) میں شامل ہونے اور علاقے کی سلامتی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کی بھی ترغیب دی۔
آرمی چیف نے اعادہ کیا کہ بلوچستان کا امن اور خوشحالی اولین ترجیح ہے اور پاک فوج بلوچستان میں سماجی و اقتصادی منصوبوں کے لیے پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی، بلوچستان کے عوام نے ترقی اور استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ جامع قومی کوششوں کے ذریعے بلوچستان کی حقیقی صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے گا۔ قبل ازیں تربت پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔