اقوام متحدہ کی جانب سے بچوں کو اسکول واپس جانے میں مدد کی فراہمی
اقوام متحدہ کی جانب سے بچوں کو اسکول واپس جانے میں مدد کی فراہمی
کورونا وائرس کے باعث دنیا کے کچھ حصوں میں عارضی طور پر بند ہونے والے بیشتر اسکول دوبارہ کھلنا شروع ہوگئے ہیں، اقوام متحدہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر بچوں کو اسکول واپس آنے اور ان کی تعلیم کو جاری رکھنے میں مدد فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔
اقوام متحدہ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ عالمی تنظیم طلبا کو انٹرنیٹ، ریڈیو اور ٹیلی ویژن سمیت ہر ممکنہ وسائل کے ذریعے تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کررہی ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بحران نے پاکستان سمیت دنیا کے ایک سو نوے ممالک میں تعلیم کے نظام کو درہم برہم کردیا ہے اور تقریباً ایک اعشاریہ تین بلین بچوں کو اسکولوں سے دور کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ (یونیسیف) آن لائن اور آف لائن سیکھنے کے مواد تیار کرنے اور ورزش سمیت اسکولوں کی بندش کے دوران بچوں کی جسمانی طاقت، صحت اور ذہنی تندرستی کو بہتر بنانے میں مدد کرنے کے لیے تعلیم کا ناقص انفرا اسٹرکچر رکھنے والے ممالک کی مدد کر رہا ہے۔
یونیسف کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک ساتھ مل کر بچوں کی تعلیم و تربیت کے عمل کو برقرار رکھنے اور اس مشکل وقت میں ان کی مدد کرنے کے لیے ہر موقع اور دستیاب وسائل کو کام میں لانے کرنے کی ضرورت ہے۔
علاوہ ازیں، یونیسف اور مائیکروسافٹ کارپوریشن نے کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں اور نوجوانوں کو گھر میں ہی اپنی تعلیم جاری رکھنے میں مدد دینے کے لیے عالمی سطح پر سیکھنے کے پلیٹ فارم (گلوبل لرننگ پلیٹ فارم) میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔