سندھ میں تمام امتحانات منسوخ، وزیرِتعلیم سعید غنی نے تصدیق کردی
سندھ میں تمام امتحانات منسوخ، وزیرِتعلیم سعید غنی نے تصدیق کردی
ایک جانب جہاں بورڈ کے امتحانات سے متعلق وفاقی وزارت تعلیم کے فیصلے کو لے کر طلبا و طالبات غیر یقینی کا شکار تھے، صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے بدھ کے روز نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے تمام امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
رواں ہفتے کے آغاز میں وفاقی وزارتِ تعلیم نے ملک بھر کے صوبائی وزراءِ تعلیم کے ساتھ ایک میٹنگ میں بورڈ کے تمام امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ تمام وزرا کے متفقہ اتفاقِ رائے سے کیا گیا تھا۔ اجلاس میں شامل نمائندوں اور وفاقی حکومت کے درمیان ہونے والے اتفاقِ رائے کے مطابق رواں سال میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات نہیں کروائے جائیں گے اور طلباء کو پچھلے سال کے نتائج کی بنیاد پر اگلی جماعتوں میں ترقی دی جائے گی۔ تاہم حکومت سندھ نے فیصلے کے اعلان میں تاخیر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی حتمی اعلان کرنے سے پہلے بورڈ کے امتحانات سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔ سندھ حکومت نے گذشتہ سال کے تعلیمی ریکارڈ کی بنیاد پر پہلی جماعت سے آٹھویں تک کے طلبا کو اگلی جماعتوں میں ترقی دینے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی نے تصدیق کی کہ کافی غور و فکر اور ماہرین کی رائے کے بعد حکومت سندھ نے تمام امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے ذریعے جلد ہی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی اور اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔