سندھ حکومت کا سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کے لیے نوکریوں کا اعلان
سندھ حکومت کا سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کے لیے نوکریوں کا اعلان
سندھ حکومت کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکولوں میں میوزک انسٹرکٹرز کو بنیادی پے اسکیل پر رکھا جائے گا۔
سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے اعلان کیا ہے کہ موسیقی کے اساتذہ تعلیمی اداروں میں حمد، نعت شریف، اذان اور موسیقی کی تعلیم دیں گے۔
میوزک ٹیچر کے طور پر تقرری کے لیے، درخواست دہندگان کے پاس میٹرک اور موسیقی کے فن میں مہارت کی اسناد ہونی چاہئیں۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ جو لوگ میوزک ٹیچر بننا چاہتے ہیں ان کے لیے نیشنل میوزک اکیڈمی اور سندھ انسٹی ٹیوٹ آف میوزک اینڈ آرٹ سے سرٹیفیکیشن درکار ہے۔
اس ماہ کے شروع میں، محکمہ تعلیم سندھ نے ان تقرریوں کی سمری مکمل کی جو مستقبل قریب میں کی جائیں گی۔
سندھ حکومت نے اس سال کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں موسیقی اور آرٹ کو اختیاری مضامین کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
سردار شاہ کا کہنا ہے کہ شدت پسندانہ رجحانات کا مقابلہ کرنے کے لیے صوبہ آرٹ اور میوزک کی کلاسز کا نفاذ کرے گا۔
اس سال کے شروع میں صوبائی حکومت نے فنون اور موسیقی کے شعبوں میں1500 آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا تھا۔