تعلیم کے فروغ کے لیے، پڑھے گا تو بڑھے گا خیبرپختونخوا، کے نام سے مہم جاری
تعلیم کے فروغ کے لیے، پڑھے گا تو بڑھے گا خیبرپختونخوا، کے نام سے مہم جاری
پورے صوبے میں" پڑھے گا تو بڑھے گا خیبر پختونخوا "کے نام سے داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے یہ مہم 30 اگست تک جاری رہے گی جس میں اس سال 10 لاکھ بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کی غرض سے اس سلسلے میں ڈور ٹو ڈور مہم بھی چلائی جارہی ہے۔
صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے پشاور میں جای کمپئین میں حصہ لیا۔ وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ ایک گھر کے بچے اسکول نہیں جاتے۔ وہ اس گھر گئے تاکہ والدین کو اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانے پر راضی کر سکیں۔ صوبائی وزیر تعلیم اس گھر کی دو چھوٹی بچیوں مریم اور گلالئی کو ساتھ لیکر گورنمنٹ پرائمری سکول گل بہار نمبر 2 پشاور گئے اور بچیوں کو اسکول میں داخلہ دلوایا۔
صوبائی وزیر تعلیم شہرام ترکئی نے اس موقع پر کہا کہ ہم اسکول سے باہر موجود ہر بچے کو اسکول میں داخل کرانا چاہتے ہیں جبکہ ہم نے سرکاری اسکولوں میں ہر بچے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین کے لیے اپنے بچوں کو اسکول جانے سے روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ صوبے کے سرکاری اسکولوں میں میرٹ پر بھرتی ذہین اساتذہ کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں تمام سہولیات بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ پینے کا صاف پانی، کشادہ عمارتیں، آئی ٹی لیبز، فرنیچر، صاف ستھرے بیت الخلاء، کھیلوں کے میدان، سائنس لیبز اور دیگر سہولیات اب اسکولوں میں مفت دستیاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری لانے کے لیے مزید اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ پچھلے سال داخلہ مہم میں ہمارا ہدف 8 لاکھ بچوں کو اسکولوں میں داخل کراناتھا جبکہ کامیابی کے ساتھ 9 لاکھ سے زیادہ طلبہ و طالبات کو داخل کیا گیا اور اس سال کم از کم 10 لاکھ بچوں کو داخل کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، حال ہی میں شرح خواندگی کے مقابلے میں دوسرے صوبوں سے آگے نکلا ہے۔ تعلیم سب کے لیے محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کا نصب العین اور ہماری پارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے والدین سے گزارش کی کہ اپنے بچوں کو قریبی اسکولوں میں ضرور داخل کرائیں