پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کی حکومت سے پیپر اور پرنٹنگ انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کی اپیل
پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کی حکومت سے پیپر اور پرنٹنگ انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کی اپیل
آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سابق وائس چیئرمین، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سب کمیٹی کے سابق چیئرمین عابد نثار نے حکومت سے پیپر اور پرنٹنگ انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کے لیے سبسڈی دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کاغذ کی قیمتیں بڑھنے سے کتابوں اور کاپیوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھورہی ہیں جس کی وجہ سے نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے باوجود طلباء کی اکثریت درسی کتابوں اور کاپیوں سے محروم رہ جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ کاغذ کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے نتیجے میں درسی کتابیں اور کاپیاں اتنی زیادہ مہنگی ہوگئی ہیں کہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں لہٰذا حکومت کو اس بارے میں سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیپر، پرنٹنگ انڈسٹری کو سبسڈائزڈ کرے تاکہ طلباء کو مناسب قیمت پر درسی کتابیں اور کاپیاں میسر آسکیں اور ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے زائد نرخ، ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کی وجہ سے پہلے ہی کاروباری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ سنگین معاشی بحران اور ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر تاجر برادری پریشان ہے کہ آنے والے دنوں میں کاروبار کیسے چلے گا عابد نثار کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے مگر افسوس کاروباری وصنعتی سرگرمیوں کے مرکز شہرِ کراچی کو بری طرح نظرانداز کیا جاتا ہے جو بھی حکومت آتی ہے وہ کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک کرتی ہے۔ شہر کا انفرا اسٹرکچر بہت ہی بری حالت میں ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کراچی کے لیے پیکیجز کا اعلان تو کیا جاتا ہے مگر پیکیجز صرف اعلانات تک ہی محدود رہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ تجارت وصنعت کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ معیشت کو بحرانوں سے نکالا جاسکے۔