اسلام آباد میں تمام آن کیمپس سرگرمیوں پر پابندی عائد
اسلام آباد میں تمام آن کیمپس سرگرمیوں پر پابندی عائد
وفاقی وزارت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کے تمام نجی اسکولوں میں آن کیمپس سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے جس میں 11 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد کے تمام نجی تعلیمی ادارے جنہیں پہلے چھوٹ دی گئی تھی اور انہیں کیمپس کی سرگرمیوں کو فعال رکھنے کی اجازت تھی، اب ان پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اس نئے اعلان کے بعد اسلام آباد میں واقع تمام نجی اسکول اور دیگر تعلیمی ادارے 11 اپریل تک آن کیمپس سرگرمیاں بند رکھیں گے۔
وفاقی وزارت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کووڈ نائنٹین کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے، جو گذشتہ 24 گھنٹوں میں بڑھ کر 16 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس نوٹیفکیشن کے متن اور روح پر پوری طرح عمل کریں۔
وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ہر قسم کی سماجی سرگرمیوں سے گریز کریں کیونکہ ملک اس وقت کورونا وائرس کے جان لیوا وبائی مرض کی تیز رفتار تیسری لہر کا مقابلہ کررہا ہے۔
گزشتہ تین روز میں ایک تسلسل کے ساتھ پاکستان میں کورونا وائرس کے چار ہزار سے زائد کیسز درج ہوئے ہیں جبکہ کئی شہروں میں کورونا سے متاثرہ کیسز کا تناسب ڈبل فگر میں داخل ہوچکا ہے۔