سوشل میڈیا کا بے تحاشہ استعمال نوجوانوں کے لیے نقصان دہ قرار، ہمدرد یونیورسٹی میں سالانہ تحقیقی سیمینار
سوشل میڈیا کا بے تحاشہ استعمال نوجوانوں کے لیے نقصان دہ قرار، ہمدرد یونیورسٹی میں سالانہ تحقیقی سیمینار
ایکسپریس نویز کے مطابق ہمدرد یونیورسٹی کے طلبہ نے سالانہ تحقیقی سیمینار میں بتایا ہے کہ نوجوانوں میں حد سے زیادہ اسمارٹ فون استعمال کرنے کی عادت اور تنہائی میں سوشل میڈیا کا بڑھتا ہوا رجحان ان کی سماجی زندگیوں میں تیزی سے منفی اثرات مرتب کررہا ہے۔
اٹھارہ سال اور اس سے زائد عمر کے نوجوان غیرمحسوس طور پر اس بیماری میں مبتلا ہورہے ہیں، سالانہ سیمینار میں 13 تحقیقی پراجیکٹس پیش کیے گئے جن میں 3 بہترین ریسرچ پراجیکٹس کو انعامات کا حقدار قرار دیا گیا۔
پہلا انعام کراچی کے نوجوان بالغوں میں سماجی اضطراب کی خرابی کی تشخیص اور برائی کے ساتھ اس کا تعلق کے عنوان پر ریسرچ پراجیکٹ کو دیا گیا۔
دوسرا انعام اسمارٹ فون کی لت، سوشل میڈیا کا استعمال اور نوجوانوں کی سماجی تنہائی ، تمباکو کے نقصانات کو کم کرنے والی مصنوعات اور تیسرا انعام سندھ (تھر پارکر) کی عام خواتین میں ان کے مخصوص ایام میں حفظان صحت کے اصولوں اور صفائی کا ادراک کے عنوان پر ریسرچ پراجیکٹ کو دیا گیا۔
اول و دوم انعام پانے والے پراجیکٹ کے گروپ لیڈر محمد انس اور مستفیض روحما نے بتایا کہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 49.2 فیصد نوجوان 24 گھنٹے میں 3 سے 6 گھنٹے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں جس سے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور ایسے نوجوان جلد سماجی تنہائی کا شکارہو جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا کے مثبت پہلو ایک طرف تاہم تنہائی میں نوجوانوں کی سائبر غنڈہ گردی اور پب جی جیسے گیم کی جانب رغبت ان کی زندگیوں کو بسا اوقات موت کی دہلیز تک لے جاتی ہے، سروے میں سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال کرنے والوں کونشہ کے عادی افراد کی طرح ’’سماجی لت‘‘ سے تعبیر کیا گیا ہے۔
تمباکو کے استعمال کے حوالے سے محققین کا کہنا تھا کہ ای ٹوبیکو عام تمباکو کے متبادل کے طور پر سامنے آئی ہے، ای سگریٹ روایتی سگریٹ کے مقابلے میں کم نقصان دہ ہوتی ہے اسی لیے اس کی مانگ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
معروف سگریٹ ساز کمپنیاں بلو سگریٹ اور اب ای سگریٹ پر توجہ دے رہی ہیں اور نوجوانوں کو جدید طریقے سے نیکوٹین کا عادی بنارہی ہیں، پاکستان میں ای سگریٹ کے فروغ پانے کی بڑی وجہ اس کے مختلف اقسام کے ذائقے (فلیورز) ہیں جو سگریٹ پینے والوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔