فیڈرل بورڈ نے میٹرک کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے
فیڈرل بورڈ نے میٹرک کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے
وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ایف بی آئی ایس ای) نے میٹرک فائنل کے امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق ایف بی آئی ایس ای کی جانب سے میٹرک کے تمام سالانہ امتحانات، جن کی ابتدائی طور پر 25 اور 26 مئی کو منصوبہ بندی کی گئی تھی، کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ایف بی آئی ایس ای ان پرچوں کی نظرثانی شدہ تاریخیں بعد میں شائع کرے گا جو ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔
اس سے پہلے اسلام آباد میں امن و امان کی غیر واضح صورتحال کے باوجود، ایف بی آئی ایس ای نے منگل کے روز تصدیق کی تھی کہ میٹرک کے فائنل کے امتحانات منصوبہ بندی کے مطابق ہوں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔
ایف بی آئی ایس ای نے طلباء کو اپنے قریبی امتحانی مراکز میں فائنل امتحان دینے کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا تھا اگر وہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں یا اس کے آس پاس اپنے مختص کیے گئے امتحانی مراکز تک نہیں پہنچ پاتے ہیں تاہم سیاسی کشیدگی اور غیریقینی صورتحال کے باعث فیڈرل بورڈ نے ایک نئے فیصلے میں میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیئے ہیں تاکہ طلبہ و طالبات کو مزید پریشانی سے بچایا جاسکے۔
دوسری جانب بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) راولپنڈی نے بھی بدھ 25 مئی کو ہونے والے فائنل امتحانات ملتوی کرنے کا حکم دیا تھا۔
ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے باعث راولپنڈی میں میٹرک کے طلبہ کے لیے پاکستان اسٹڈیز کا فائنل پرچہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اس پرچے کی تبدیلی کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، تاہم دوسرے پرچے منصوبہ بندی کے مطابق اپنے وقت پر ہوں گے۔