مئی کے تیسرے ہفتے سے امتحانات ہوں گے، شفقت محمود
مئی کے تیسرے ہفتے سے امتحانات ہوں گے، شفقت محمود
متاثرہ اضلاع میں 28 اپریل تک پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز بند رہیں گی
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے منگل کے روز اعلان کیا کہ 28 اپریل تک کووڈ سے متاثرہ اضلاع میں کلاس 1 سے 8 تک بند رہیں گی۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوروناسے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے8 ویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک بند رہیں گی، 28 اپریل کو دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں اسکول کھولنے یا عید تک بند رکھنے سے متعلق جائزہ لیں گے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ نویں سے بارہویں تک کلاسز 19 اپریل سے کھل جائیں گی اور طلبا سخت ایس او پیز کے ساتھ اسکول آئیں گے اور امتحانات کی تیاری کریں گے، متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بھی بند رہیں گی اور آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی، لیکن جو اضلاع متاثر نہیں ہیں وہاں جامعات کھلی رہیں گی۔
شفقت محمود نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے 40 لاکھ طلبہ ہیں، جن کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مختلف صوبوں نے اپنے اپنے ٹائم ٹیبل بنائے ہیں، کچھ امتحانات جون اور کچھ جولائی میں بھی ہوں گے، اس لیے یونیورسٹیز سے داخلہ ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے، اے اور او لیول کے 85 ہزار طلبہ ہیں جن کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ اپنے وقت پر مئی میں ہوں گے جس کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں بنیادی طور پر اس بات پر غور کیا گیا کہ 11 اپریل تک بند تعلیمی اداروں اور امتحانات کے شیڈول کو کھولنا ہے یا نہیں۔
شفقت محمود نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹیوں سے داخلے ملتوی کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
اجلاس میں تعلیم اور صحت کے وزرا نے شرکت کی اور تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں تبادلہ خٰال کیا گیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر ، 10 مارچ کو ، حکومت نے کووڈ ہاٹ اسپاٹ کے تمام اسکولوں کو 15 مارچ سے دو ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔