ڈاؤ یونیورسٹی کا 12 واں کانووکیشن، 2000 سے زائد طلبہ میں ڈگریاں تقسیم
ڈاؤ یونیورسٹی کا 12 واں کانووکیشن، 2000 سے زائد طلبہ میں ڈگریاں تقسیم
ڈاؤ یونیورسٹی کے 12 ویں کانووکیشن میں 2000 سے زائد طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی میں بارہویں کانووکیشن کی شاندار تقریب منعقد کی گئی، وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے بتایا کہ دو ہزار سے زائد ڈاکٹرز، ڈینٹسٹری اور دیگر ہیلتھ پروفیشنلز کے بَیچ کو صحت کے شعبے میں فرائض انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ کا دنیا بھر کے ٹاپ 600 یونیورسٹیوں میں شمار ادارے کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے، ڈاؤ یونیورسٹی مشہور سرجنز کو اعزازی ڈگری تفویض کرنے والی واحد جامعہ ہے، مشہور سرجن پروفیسر محی الدین بھی ڈاؤ یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں۔
پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کی خدمات اور طرزِ تعلیم کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا، یہ بات قابلِ تحسین ہے کہ اساتذہ اور طلبہ نے ہر مشکل حالات میں معیار پر سمجھوتا کیے بغیر تعلیم کا سفر جاری رکھا، ایک اچھا ڈاکٹر بننے کے ساتھ آپ کو ایک اچھا انسان بھی بننا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 اعزازی ڈگریاں اور 4 پی ایچ ڈی ڈگری تفویض کرنا جامعہ کے لیے باعث فخر بات ہے، پروفیسر محی الدین منصور اور فیصل ڈار کو ڈاکٹر آف سائنس (ڈی ایس سی) کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے، میں ادارے سے وابستہ ہر فرد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے ادارے کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا۔
پروفیسر سعید قریشی کا کہنا تھا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کا طبی تعلیم کی ترقی میں ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے، میں تمام والدین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔