بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے مڈل اسکول کو آگ لگادی
بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم افراد نے مڈل اسکول کو آگ لگادی
بلوچستان کے علاقے کیچ میں واقع کلکشاں اسکول کے ڈائریکٹر عارف بلوچ کا کہنا ہے کہ ان کے نجی مڈل اسکول کی عمارت کو نامعلوم افراد نے رات گئے آگ لگادی، جس سے دو کمروں میں موجود فرنیچر اور سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا معلوم نہیں کہ ہمارے اسکول کو کیوں نذر آتش کیا گیا اور جلانے والوں کے مقاصد کیا ہیں۔ ہمارا مقصد تو صرف بلوچستان کے ایک دور دراز علاقے میں بچوں کو معیاری تعلیم دینا ہے۔
اس واقعے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع کیچ بشیر احمد کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آئے اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ تاحال کسی فرد یا تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلائی جائے۔
علاقے کے لوگوں نے اس واقعے کے خلاف جرگہ منعقد کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسکول کو بند نہیں ہونے دیں گے اور بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس علاقے میں اس نوعیت کا یہ تیسرا واقعہ ہے، اس سے پہلے بھی ضلع کیچ میں دو اسکولوں کو نذرآتش کیا جاچکا ہے۔