کالج کا سرٹیفیکٹ دینے سے انکار، طالبعلم نے خودکشی کرلی
کالج کا سرٹیفیکٹ دینے سے انکار، طالبعلم نے خودکشی کرلی
انجینیئرنگ کالج میں داخلہ حاصل کرنے والے ذہین طالب علم نے کالج کی جانب سے فیس جمع نہ ہونے کے باعث سرٹیفیکٹ دینے سے انکار پر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دل سوز واقعہ ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں پیش آیا جہاں جکولا انجیت نامی طالب علم نے شری گیاتری کالج سے امتیازی نمبروں کے ساتھ انٹر کا امتحان پاس کرنے کے بعد انجینیئرنگ کالج کے ٹیسٹ میں بھی کامیابی حاصل کرلی تھی اور اب اسے صرف تعلیمی اسناد جمع کرانی تھی۔
انجیت جکولا غریب والدین کا بچہ تھا اور آخری سیمسٹر کی فیس جمع نہ کراسکا تھا جب وہ سرٹیفیکٹ لینے کے لیے کالج گیا تو انتظامیہ نے پہلے فیس جمع کرانے کا مطالبہ کیا۔
انجیت کے والدین نے یقین دہانی کرانی کہ آپ فی الحال سرٹیفیکٹ جاری کریں ہم پیسے آتے ہی فیس جمع کرادیں گے۔ ابھی مالی حالات بہت خراب ہیں اور یہ بچے کے مستقبل کا معاملہ ہے جو ہماری غربت ختم ہونے کی آخری امید بھی ہے۔
کالج انتظامیہ نے غریب والدین کی ایک نہ سنی اور انہیں باہر نکال دیا۔ بار بار کالج جا کر درخواست کرنے کے باوجود انتظامیہ نے سرٹیفیکٹ جاری نہ کیا اور انجینئرنگ کالج میں اسناد جمع کرانے کی آخری تاریخ نکل گئی۔
اس صورت حال پر انجیت بہت دل برداشتہ تھا اور اسی غم میں اس نے پھندے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارت میں پرائیوٹ تعلیمی اداروں کی اس غنڈہ گردی کے باعث کئی نوجوان خودکشی کرلیتے ہیں لیکن تاحال حکومت کی جانب سے نہ تو کوئی پالیسی وضع کی گئی ہے اور نہ اس مافیا کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی ہوئی ہے۔