این سی او سی:کورونا کی10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ
این سی او سی:کورونا کی10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ملک کے 10 فیصد سے کم کورونا کی مثبت شرح والے علاقوں سے پابندیاں اٹھالیں۔
این سی او سی نے کورونا پابندیوں کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت 10 فیصد سے کم کورونا کی مثبت شرح والے علاقوں سے پابندیاں اٹھالی گئی ہیں۔
ان شہروں میں 300 افراد کے ساتھ ان ڈور تقریبات ہوسکیں گی۔ آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شریک ہوسکیں گے۔ 12 سال سے کم عمر بچوں کے تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔
کم شرح والے علاقوں میں مکمل ویکسین شدہ افراد کو ان ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔ سینما اور مزارات مکمل ویکسین شدہ افراد کیلئے کھلے رہیں گے۔ ان ڈور اسپورٹس سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔
این سی او سی نے 10 فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے ان تمام شہروں کی فہرست جاری کردی جہاں پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں گلگت، مظفرآباد، مردان، کراچی، حیدرآباد اور پشاور شامل ہیں۔
کورونا کی دس فیصد مثبت شرح والے شہروں میں 12 سال سے کم عمر بچے متبادل دنوں میں اسکول جائیں گے۔ ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔
این سی او سی کے مطابق ڈومیسٹک پروازوں پر کھانے اور اسنیکس پر پابندی برقرار رہے گی۔ ٹرینوں میں 80 فیصد جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائے گی۔
این سی او سی نے کہا ہے کہ کورونا 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں کے لیے اگلا جائزہ اجلاس 21 فروری کو ہوگا۔