وفاقی وزیرتعلیم رانا تنویر حسین نے جی سی یو کی تقریب میں بدزبانی پر معافی مانگ لی
وفاقی وزیرتعلیم رانا تنویر حسین نے جی سی یو کی تقریب میں بدزبانی پر معافی مانگ لی
وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین نے جی سی یونیورسٹی لاہور میں منعقدہ تقریب میں بدزبانی پر معافی مانگ لی ہے۔
رانا تنویر حسین نے گذشتہ دنوں جی سی یونیورسٹی لاہور میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے پنجابی زبان کا ایک نازیبا لفظ استعمال کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تاہم وفاقی وزیر نے اپنی اس بدزبانی پر معافی مانگ لی ہے۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ تقریب سے خطاب کے دوران ان کی زبان پھسل گئی تھی، وہ اس واقعے پر شرمندہ ہیں اور اپنے الفاظ واپس لیتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کو لاہور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) کی گریجویشن تقریب میں استعمال کی گئی زبان پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
Yesterday at GC University Lahore, i had a slip of tongue during my speech. I feel sorry about that and take my words back.
— Rana Tanveer Hussain (@RTanveerPMLN) March 18, 2023
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں وزیر کو اپنی تقریر میں پنجابی زبان کی ایک گالی کا لفظ استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ویڈیو میں پاکستانی وزیر کو تقریب کے شرکا سے یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ ایک بار فیصل آباد ایگریکلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر رانا اقرار سے ملے تھے، انہوں نے گالی گلوچ کا استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ رانا قبیلے کے حکمران طبقے کا رکن ہونے کے باوجود وہ ایک زرعی کالج میں کام کرتے ہیں۔
ٹوئٹر پر اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر تعلیم کی زبان کے بارے میں بہت سے صارفین نے اس 'توہین آمیز' لفظ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وفاقی وزرتعلیم کے زبان و بیان کا یہ عالم ہے تو اس ملک کے کم پڑھے لکھے یا ان پڑھ طبقے سے کیا توقع کی جاسکتی ہے۔
تاہم وفاقی وزیر تعلیم نے اپنے الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے ’زبان پھسلنے‘ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اپنے الفاظ واپس لے لیے ہیں۔