امتحانات کا فیصلہ اسکولوں اور صوبوں کی صوابدید پر ہے، شفقت محمود
امتحانات کا فیصلہ اسکولوں اور صوبوں کی صوابدید پر ہے، شفقت محمود
وزارت تعلیم نے پیر کے روز کہا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے فائنل امتحانات کا انعقاد ملک بھر میں داخلی طور پر کیا جاتا ہے اس لیے ان کے انعقاد کا فیصلہ صوبوں اور اسکولوں کی اپنی صوابدید پر ہوتا ہے۔
وزارت تعلیم نے یہ اعلان کرتے ہوئے عوام کی اس الجھن کو دور کردیا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے فائنل امتحانات لینے کا فیصلہ صوبوں اور اسکولوں کی اپنی صوابدید پر ہے۔
یہ اہم خبر، ایسی خبروں کے شائع ہونے کے بعد سامنے آئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ تمام اسکول ساتویں جماعت تک کے طلبا کو ترقی دیں گے۔
وفاقی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کرنا کہ صوبوں اور انفرادی طور پر اسکولوں کے لیے کیا مناسب ہے، یہ صوبوں اور اسکولوں کا صوابدیدی اختیار ہے۔
وفاقی وزارت نے گریڈ ایک سے آٹھ کے امتحانات کے بارے میں کوئی رہنما اصول جاری نہیں کیا ہے۔ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد، جو براہ راست وزارت کے ماتحت ہے، نے گریڈ 8 کے امتحانات کے انعقاد کے لیے اجازت کی درخواست کی تھی جس کی منظوری دے دی گئی تھی۔
ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اگر چاہیں تو صوبے اور حتیٰ کہ اسلام آباد کے نجی اسکولوں کو بھی یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے طور پر طلبا کے امتحانات لیں۔