انٹرن شپ کرنے کی چار وجوہات

انٹرن شپ کرنے کی چار وجوہات

انٹرن شپ کرنے کی چار وجوہات

انٹرن شپ، زیرتعلیم یا فریش گریجویٹس کی تربیت کے لیے ایک عارضی نوکری ہے، جس میں انٹرن شپ کرنے والے کو عمومی طور پر وظیفہ دیا جاتا ہے۔ عام طور پر دیکھا جائے توطلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرام کو میل جول بڑھانے، تعلقات استوار کرنے، صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور تجربہ حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایک طالب علم کے لیے انٹرن شپ کسی مخصوص شعبہ میں تجربہ حاصل کرنے کا ایک ایسا آسان راستہ ہے جس میں وہ مستقبل کے حوالے سےایک کامیاب کیریئر بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔ پڑھائی کے دوران انٹرن شپ کا انتخاب تجرباتی دنیا میں قدم رکھنےکے لیے ضروری ہے تاکہ آپ ملازمت سے متعلق جان سکیں اور اہم فیصلے کرسکیں۔ انٹرن شپ پروگرام سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنے کیرئیر کی سیڑھی پر پہلا قدم رکھنے، اداروں میں کام کے طریقہ کار کو سمجھنے اور اپنی قائدانہ صلاحتیوں کو نکھارنے میں مدد ملتی ہے۔ انٹرن شپ عملی زندگی کے آغاز میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہےانٹرن شپ کسی بھی شخص کی تکنیکی اور انتظامی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دیتی ہے۔ تجربہ حاصل کرنے کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ یہ کہاوت عملی زنگی میں سو فیصد درست مانی جاتی ہے۔ انٹرن شپ ملازمت کا وہ تجرباتی دورانیہ ہے جس سے گزرے بغیر کوئی بھی عملی زندگی میں کامیاب نہیں ہو سکتا کیونکہ عملی زندگی میں کسی بھی شعبے میں کام کو بہتر انداز میں کرنے کے لیے تجربہ ضروری ہوتا ہے۔

جب ہم  یونیورسٹی جوائن کرتے ہیں تو ہر دوسرا شخص ایک ہی بات بار بار کرتا دکھائی دیتا ہے کہ انٹرن شپ کے ذریعے تجربہ حاصل کرو۔ مگر کسی بھی نئے امیدوار کے کان پر جوں تک نہیں رینگی اورنہ ہی وہ انٹرن شپ  کرنے کے خواہش مند دکھائی  دیتے ہیں۔

ہوتا کچھ یوں ہے کہ شروع کے دو سال تو اسی سوچ میں گزر جاتے ہیں کہ انٹرن شپ کرنے کیلئے ابھی بہت وقت پڑا ہے جبکہ آخری دو برسوں میں آپ کو پتا چلتا ہے کہ وقت تو پر لگا کر اڑ رہا ہے اور آپ اپنے تھیسز، پروجیکٹس اور اسائنمنٹس کیلئے بھی مشکل سے وقت نکال پا رہے ہیں، اس صور تحال میں انٹرن شپ کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

بطور کالج یا یونیورسٹی اسٹوڈنٹ آپ کے پاس سردیوں اور گرمیوں کی چھٹیوں میں انٹرنشپ کرنے کیلئے بہت وقت ہوتا ہے۔ پاکستان میں انٹرنشپ زیادہ تر چھ سے آٹھ ہفتے کی ہوتی ہے۔ بہت سے ادارے، کارپوریٹ کمپنیز انٹرنز کو ہائر کر کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا تجربہ کراتے ہیں تاکہ ان کو اس بات کا علم ہو کہ کمپنیز کے اندر کون سا ڈیپارٹمنٹ کیا کام کرتا ہے جبکہ اس سے نئے امیدوار بھی با آسانی یہ بات جان لیتے ہیں کہ وہ خود کو کس ڈپارٹمنٹ کے لیے موزوں سمجھتے ہیں۔ کچھ کمپنیز خاص پراجیکٹس کیلئے انٹرنز ہائر کرتی ہیں جیسا کہ کچھ این جی اوز بھی ہیں جہاں آپ کے لیے مختلف اہداف مقرر کردیے جاتے ہیں جو آپ کو انٹرن شپ ختم ہونے سے پہلے پورے کرنے ہوتے ہیں۔ انٹرنشپ سے حاصل ہونے والا تجربہ طلبا کو ان کے ساتھیوں سے منفرد بناتا  ہے۔ جب آپ کو تجربہ حاصل ہوتا ہے تو آپ جان جاتے ہیں کہ کمپنیز کس طرح سے کام کرتی ہیں اور لوگوں سے بات چیت کس طرح کرنی چائیے۔ یہ ساری باتیں آپکے مستقبل کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوتی ہیں اور ایک اچھے ادارے کو بتاتی ہیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں، آپ کو کیا چاہیئے اور آپ کمپنی کو اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

نوکری سے پہلے انٹرن شپ کیوں کی جائے؟

ذیل میں ہم آپ کواس کی کچھ اہم وجوہات کے بارے میں بتاتے ہیں اس طرح آپ باضابطہ نوکری حاصل کرنے سے پہلے یا پھر اپنی تعلیم سے پہلے اپنے مستقبل کی سمت کا صحیح تعین کرسکتے ہیں۔

1۔ تجربے کا حصول

آپ خوش قسمت ہیں اور آپ نے اپنی پڑھائی کے دوران یا کالج ختم ہونے کے فوراً بعد انٹرنشپ کی ہے تو وہ آپ کی شخصیت اور کیرئیر میں نکھار پیدا کرے گی۔ بطور نئے امیدوار یا طالب علم کی حیثیت سے آپ ان مسائل کا حل  بھی تلاش کرسکیں گے جو وہاں بیٹھے پرانے لوگوں کی سمجھ سے باہر ہوگا۔ آپ اپنی تکنیکی صلاحیتوں اور کتابی باتوں کو جوڑتے ہوئے چیزوں کو کسی سانچے میں ڈھالنے کے قابل ہو پاتے ہیں۔ نئی چیزیں سیکھنے کے ساتھ ساتھ خود فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہیں اور ان مسائل کو حل کرنے میں مہارت حاصل کرتے ہیں۔ انٹرن شپ سے جو تجربہ حاصل ہو تا ہے، وہ بہت قیمتی ہوتا ہے۔ اس تجربے اور روابط کی بدولت آپ آئندہ زندگی میں بہت سے فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

 2. صلاحیتوں میں نکھار۔

بہت سے طلبا اپنی صلاحیتوں کے بارے میں لاعلم ہوتے ہیں وہ یہ جانتے ہی نہیں کہ ان میں کیا کچھ کر دکھانے کی صلاحیت موجود ہے اور کون سے ایسے اہداف ہیں جن کو وہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انٹرن شپ طالب علموں کی کارکردگی میں ہی اضافہ نہیں کرتی بلکہ انہیں اپنی ذات اور مقاصد کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں یا آپ کے مقاصد کیا ہیں، انٹرن شپ ان مقاصد کے لیے بنیاد کا انتخاب کرتی ہے۔ کئی بار آپ کسی خاص کیرئیر کو اپنا مستقبل بنانے پر متفق ہوجاتے ہیں مگر آپ کو دفتری ماحول سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کی قابلیت اور شوق کسی اور شعبے میں ہے۔ ایک بالکل ہی مختلف ماحول اور دبائو میں کام کرنے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کے اوپر کیا ذمہ داری ہے اور آپ کو مقررہ وقت میں کن کاموں کی تکمیل کرنی ہے۔

3. رابطوں میں اہم کردار۔

نیٹ ورکنگ دو افراد کے درمیان معلومات کے تبادلہ کے طور پر کام آتی ہے، خاص طور پر پروفیشنل کیریئر کےآغاز کے دوران آپ کی نیٹ ورکنگ مضبوط ہے یا نہیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا، لیکن پروفیشنل لائف کے آغاز سے ہی نیٹ ورکنگ کی اہمیت کا اندازہ ہونے لگتا ہے۔ انٹرن شپ آپ کو کاروبار سے وابستہ تجربہ کار افراد سے ملنے جلنے، ان سے تعلقات بنانے، خود کو کاروباری یا پروفیشنل حلقوں میں متعارف کرانے کا موقع دیتی ہے، جس کے ذریعے آگے چل کر آپ کو اپنے لیے جاب کے حصول میں بہت مدد ملتی ہے۔ ایک بڑے ادارے میں کام کرنے کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ آپ کا رابطہ ایسے لوگوں سے ہوتا ہے جو آپ کے اہداف پورے کرنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں اور آپ کا مستقبل بہتر بناتے ہیں۔ ان لوگوں کے ساتھ مل کر آپ ساری دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔ روابط آپ کی انٹرن شپ کا اہم حصہ ہیں۔

4. سی وی کی بہتری۔  

مشہور کمپنیوں میں انٹرن شپ کا تجربہ آپ کو اپنے دیگر ساتھیوں کے سامنے ایک قدم آگے رکھتا ہے خصوصاً انٹرویو کالز کے حوالے سے آپ ان سے ایک قدم آگے ہی رہتے ہیں۔

سی وی پر تجربے کا ہونا آپ کو دیگر افراد سے منفرد و ممتاز کرتا ہے۔ خصوصاً آپ ان کاموں، پراجیکٹس اور اسائنمنٹس کے بارے میں بہتر طریقے سے سمجھ پاتے ہیں جو آپ نے انٹرنشپ کے دوران مکمل کیے ہوتے ہیں جس سے آپ نے بلاشبہ بہت کچھ سیکھا ہوتا ہے۔

بعض اوقات انٹرن شپ کے دوران کافی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔ کارپوریٹ ماحول تعلیمی اداروں اور گھروں کے ماحول سے کافی مختلف ہوتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر انٹرن شپ کرنے والے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے تاہم اگر آپ کو کسی قسم کے مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑے تو آپ اپنے تجربے کی بنا پر بہتر فیصلہ کرسکیں گے۔

کسی بھی طالب علم کے لئے انٹرن شپ کا سب سے بڑا فائدہ تجربے کا حصول ہے۔ انٹرن شپ  دوران تعلیم ، معلومات اور صلاحیتوں کے عملی اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ علم میں اضافہ تب ہی ممکن ہے جب اس علم کو عملی طور پر ثابت بھی کیا جائے۔

انٹرن شپ کے دوران آپ کو بہت سی ایسی ٹپس اور ٹرِکس کا پتہ چلتا ہے جو نہ تو آپ کو نصابی کتب میں ملتی ہیں اور نہ ہی آپ کے اساتذہ ان کے متعلق بتاتے ہیں تو کیوں نہ پھر جلد ہی انٹرن شپ سے ایک کامیاب مستقبل کا آغاز کیا جائے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں ©️ 2021 کیمپس گرو